حضرت امام رضا (ع) کی ولادت باسعادت مبارک ہو

 

آج گیارہ ذی القعدہ دنیا بھر کے اہل تشیع کے آٹھویں امام حضرت امام علی بن موسی رضا علیہ السلام کا یوم ولادت با سعادت ہے۔

ہم، اپنے تمام قارئین اور امت مسلمہ کو "عشرہ کرامت” نیز امام رضا (ع) کے یوم ولادت پر، مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

فرزند رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ، آٹھویں حجت خدا، حضرت امام علی بن موسی الرضا علیہ السلام، ۱۱ ذی قعد سنہ ایک سو اڑتالیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اپنے مبارک قدوم سے جہان ظلمت و جہالت کو منور کرنے کےلئے اس میں دنیا میں تشریف لائے۔

مامون الرشید بنی العباسی خلیفہ وقتاً فوقتاً مختلف سوالات کے ذریعے آپ کو آزماتا رہتا اور آپ سرچشمہ وحی، قرآن کریم سے سوالات کا جواب دیتے ہیں۔

گیارہ ذی قعد کی مناسبت سے عالم اسلام، عراق و شام و لبنان، پاکستان و پندوستان، بحرین و یمن اور دیگر نقاط عالم میں، خاص کر اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلمان، امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر، آپ کے روضہ اقدس سمیت مختلف مقدس مقامات پر جا کر جشن مناتے ہیں؛ شربت و مٹھائی تقسیم کرتے ہیں اور علمائے کرام و ذاکرین کرام، حضرت امام رضا علیہ السلام کے فضائل بیان کرتے ہیں۔

آپ علیہ السلام کے حرم میں گزشتہ دس روز سے ہی "عشرہ کرامت” کی آمد پر محفلوں اور سیمیناروں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران مقررین نے امام رضا (ع) اور ان کی خواہر گرامی فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی بابرکت حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔

یکم ذی قعد حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت سے گیارہ ذی قعد حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت تک کے ایام کو "عشرہ کرامت” کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر ہم، اپنے تمام قارئین اور دنیا بھر کے امت مسلمہ نیز حریت پسندوں کو "عشرہ کرامت” اور حضرت امام رضا (ع) کے یوم ولادت پر، مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

اس وقت، امام رضا علیہ السلام کے روز ولادت پر ضریح مبارک پر نئی چادر چڑھانے اور گنبد پر پرچم رضوی کو تبدیل کرنے کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی اور خادمین حرم نے گنبد مبارک پر سبز پرچم لہرایا۔