سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی (‏‏ع) کی ولادت با سعادت مبارک

آسمان امامت و ولایت کے دوسرے تاجدار سبط اکبر نبی اکرم(ص) کریمِ اہل بیت (ع) حضرت امام حسن مجتبی (ع) کی ولادت باسعادت کے پر مسرت موقع پر ولی برحق دوراں امام زمانہ (عج) اور تمام مومنین کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کیا جاتا ہے.

نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام 15 رمضان المبارک 3 ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے.

آپ حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ (س) کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے۔

سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا۔

امام حضرت امام حضرت حسن (ع) علم و تقوی، زہد و عبادت میں خاص مقام پر فائز تھے اور عفو و بخشش نیز غریبیوں اور ناداروں کی مدد کرنا آپ(ع) کی ایسی خصوصیات تھیں جو زبان زد خاص و عام تھیں۔

آپ(ع) نہ صرف غریبوں، مسکینوں، ناداروں اور حاجتمندوں کی مدد و نصرت فرماتے بلکہ جو دردمند آپ(ع) سے آکر اپنی مشکلات و پریشانیاں بیان کرتا آپ(ع) اس کی دلجوئی کرتے اور مسائل و مشکلات حل فرماتے۔ کوئی بھی غریب انسان آپ(ع) کے درخانہ سے خالی ہاتھ یا مایوس واپس نہیں لوٹتا تھا۔

ایک روایت کے مطابق 7 صفر جبکہ بعض دیگر روایات کے مطابق 28 صفر فرزند رسول حضرت امام حسن مجتبی (‏‏ع) کا یوم شہادت ہے۔