"لوکاس برونک” امریکی جوان نے شیعہ ہونے کے بعد حرم امیر المومنین (ع) کی زیارت کی

 

امریکہ کے ایک جوان ’’لوکاس برونک‘‘ نے شیعہ مذہب قبول کرنے کے بعد نجف اشرف میں امیر المومنین علی علیہ السلام کے حرم مطہر کی زیارت کی۔

یہ امریکی جوان جس کا تعلق کیلیفورنیا سے ہے پہلے عیسائی مذہب کا ماننے والا تھا اس نے ایک پاکستانی جوان سے دوستی کے نتیجے میں شیعہ مذہب سے آشنائی حاصل کی اور دین اسلام اور تشیع کا مطالعہ کرنے کے بعد شیعہ مذہب قبول کر لیا۔

مذہب حقہ قبول کرنے کے بعد یہ جوان اہل بیت اطہار مخصوصا امیر المومنین کا گرویدہ ہو گیا اور آپ کی زیارت کے لیے نجف اشرف پہنچا۔

لوکاس برونک کا حرم امیر المومنین کے مسئولین نے استقبال کیا اور انہیں بڑے ہی احترام کے ساتھ حرم مطہر کی زیارت کروائی۔

اس تازہ شیعہ شدہ جوان نے حرم مطہر کی زیارت کے بعد اپنے احساسات کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اس قدر خوشی کا احساس کر رہا ہوں کہ بیان نہیں کر سکتا۔

لوکاس نے کہا: میں امیر انسانیت و عدالت کے سامنے کھڑا ہوں اور ان کی خدمت میں عرض ادب کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا: جب میں حرم میں داخل ہوا تو میرا دل کانپ رہا تھا میرے پاوں لرز رہے تھے اور میں چل نہیں پا رہا تھا۔ لیکن جب میں نے زیارت پڑھی اور مولا کی خدمت میں عرض ادب کیا تو اطمینان اور سکون کا احساس ہوا۔ میں زائرین کو دیکھ رہا تھا کہ وہ میرے اطراف میں پورے اطمینان کے ساتھ محو عبادت ہیں ایسا احساس میں نے زندگی میں کبھی نہیں پایا۔