الینا املی : حجاب فطرت کی آواز پر لبیک اور اسلامی ثقافت کی علامت ہے۔

 

امریکہ کی ایک خاتون ’’الینا املی‘‘ امام رضا علیہ السلام کے حرم میں حاضر ہو کر شیعہ ہوگئیں اور انہوں نے اپنا نام بدل کر ’’زینب‘‘ رکھا۔

امریکی خاتون نے مسلمان ہونے کے بعد کہا: میں گذشتہ چار سال سے اسلام کے بارے میں تحقیق کر رہی ہوں جب میں نے اس دین کو پہچانا تو دل و جان سے خدا پر ایمان لائی اور میں نے یہ درک کر لیا کہ انسان کے سامنے صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ دین اسلام ہے۔

انہوں نے دین اسلام کی نجات بخش تعلیمات کو اپنے خاندان والوں تک منتقل کرنے کا عزم بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں دین اسلام کی نسبت زیادہ آگاہی حاصل کر کے اس کی تعلیمات کو اپنے گھروالوں اور دوستوں تک منتقل کرنے میں کامیاب ہو سکوں گی اور انہیں دین اسلام کے سچے دین ہونے سے آشنا کروں گی۔

تازہ مسلمان ہوئی اس امریکی خاتون نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ تمام الہی پیغمبر ایک خدا پر ایمان رکھتے تھے اور ایک ہی حقیقت کی طرف دعوت دیتے تھے کہا: افسوس سے عیسائیت اور یہودیت کے پاس جو آسمانی کتابیں اس وقت موجود ہیں وہ تحریف شدہ ہیں اور ان پر عمل کرنا انسان کو ساحل نجات تک نہیں پہنچا سکتا۔

الینا املی نے کہا: اسلام کا دوسرے ادیان کے ساتھ یہی فرق ہے کہ جب انسان اسلام کو قبول کر لیتا ہے تو اس کی سمجھ میں آتا ہے کہ اسلام کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ اسلام میں ہم صرف خدا کی عبادت کرتے ہیں اور اسی سے ہی رابطہ برقرار کرتے ہیں جبکہ دوسرے ادیان میں خدا گم ہو چکا ہے اور کوئی ایسی ذات نہیں ہے جس پر انسان بھروسہ کر سکے۔

انہوں نے کہا: میں جب سے اسلام سے آشنا ہوئی ہوں کوشش کرتی ہوں اپنی روح کو سکون پہنچانے کے لیے مذہبی مقامات پر جاوں اور قرآن کی آواز سن کر لذت محسوس کروں۔

انہوں نے اسلام میں حجاب کے مسئلے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: حجاب صرف ایک پردہ نہیں ہے بلکہ ایک عقیدہ ہے حجاب فطرت کی آواز پر لبیک اور اسلامی ثقافت کی علامت ہے۔

انہوں نے آخر میں کہا: میں امام رضا علیہ اسلام کی زیارت پر حاضر ہونے سے بہت خوش ہوئی ہوں اور میں یہاں پر محسوس کر رہی ہوں کہ خدا اور امام رضا علیہ السلام سے بہت نزدیک ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ اس امریکی خاتون نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام زینب انتخاب کیا اور حرم امام رضا علیہ السلام کے شعبہ امور غیر ایرانی زائرین نے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں انگلش میں ترجمہ شدہ قرآن ہدیہ کے طور پر پیش کیا۔

Ref.: abna24.com